عمران خان اپنے نظریئے پر قائم، ملک میں آئین و قانون کی بحالی چاہتے ہیں، بیرسٹر گوہر
شیعہ نیوز: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے نظریئے پر قائم ہیں، بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں ملک میں آئین و قانون کی بحالی ہو۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام سوات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جلسے میں آمد پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اس ملک کے لیے لڑ رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ لوگوں کی حمایت سے بانی پی ٹی آئی جلد جیل سے باہر آئیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئیں معاف کرتا ہوں لیکن ملک سے زیادتی کرنے والوں کو معاف نہیں کروں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا کہ ملک سے زیادتی کرنے والوں سے صلح نہیں ہوسکتی، ملک بغیر قانون کے نہیں چل سکتا۔ تحریک انصاف پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کو بند کیا جائے۔