عمران خان کی حفاظت وزیر داخلہ کی ذمہ داری ہے، فواد چوہدری
شیعہ نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظت وزیر داخلہ کی ذمہ داری ہے۔
فواد چوہدری کی جانب سے مذکورہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے خفیہ ایجنسی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ میں خودکش حملے کا خطرہ ہے اس لیے عمران خان مارچ ملتوی کردیں۔اس ضمن میں فواد چوہدری نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرکے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حفاطت کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے اور باقی سارا فریم ورک مذاکرات کے زریعے بیٹھ کر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ الیکشن کے لیے تیار نہیں تو پھر مذاکرات کیا کرنے ہیں، عمران خان کا پلاسٹر اتار دیا گیا ہے، اب ایک پلاسٹک کا پلاسٹر لگایا گیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اگلا لائحہ عمل پنڈی پہنچ کر بتایا جائے گا، ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں اگر حکومت جلد الیکشن کے لیے تیار ہے۔