اسلام آباد، سابق وزیر اعظم عمران خان کوگرفتارکرلیا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو رینجرز اہلکاروں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دو مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت آرہے تھے، عمران خان ابھی کمرہ عدالت تک نہیں پہنچے تھے کہ رینجرز اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا، سابق وزیراعظم کو نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے، نیب حکام کے پاس عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ایم ڈبلیوایم کے پر امن کارکنان پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے درج کردہ ایف آئی آر بدنیتی پر مبنی ہے ، ناصر عباس شیرازی
اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، حالات معمول کے مطابق ہیں، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوگی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی احاطہ عدالت سے گرفتاری پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو 15 منٹ میں طلب کرلیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ 15 منٹ میں آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ پیش ہوں، اگر پیش نہ ہوئے تو وزیراعظم کو بلا سکتے ہیں۔