عراق میں ایک اور داعشی سرغنہ سکیورٹی فورسز کے چنگل میں
شیعہ نیوز: الانبار میں سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق کے جنوب میں واقع الرمادی میں داعشی دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردانہ کارروائی کا منصوبہ بنانے والے داعش کے اہم سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب اتوار کے روز «وادی الثعلب» میں داعش کے خفیہ ٹھکانوں پر عراقی فوج نے فضائی حملے کئے۔
عراق کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ داعشی سرغنہ اور دیگر دہشتگرد عناصر اس وہم و گمان میں تھے کہ صحرائے الانبار ان کیلئے پر امن جگہ ہے اور وہ عراقی عوام اور سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیاں کر کے اس علاقے میں چھپ جائیں گے، لیکن ہم نے اس علاقے کو ان کیلئے جہنم میں بدل دیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق نے ایران کی مدد سے داعش کو باضابطہ طور پر شکست دی جس کے بعد اب ملک کا کوئی بھی علاقہ اس ٹولے کے اختیار میں نہیں رہا تاہم شکست خوردہ تکفیری جراثیم اب روپوش ہو گئے ہیں جو گاہے بگاہے عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرکے امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔