پاکستان میں سیدہ فاطمۃ الزہرا (س) کے یوم ولادت کو ہی یوم خواتین کے طور پر منانا چاہیئے
شیعہ نیوز:روز ولادت با سعادت سیدۃ النساء العالمین، اسوہ کاملہ، دختر رسول خداؐ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کے پرمسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ سیدہ کونین جناب فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا نہ فقط خواتین بلکہ تمام انسانیت کے لیے اسوہ کاملہ ہیں، آپ سلام اللہ علیھا کی ذات گرامی وجہ تخلیق کائنات ہے، آپؑ کی عظمت و عصمت، مقام و منزلت کو درک کرنا عام انسان کے اختیار میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا (س) عالم اسلام کی ایسی باعظمت خاتون ہیں، جن کی فضیلت زندگی کے ہر شعبے میں آشکار ہے، خواتین کے لیے زندگی کے تمام پہلوؤں میں آپؑ کی سیرت کاملہ مشعل راہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام نے بحثیت ماں، بہن و بیوی عورت کو چودہ سو سال پہلے وہ حقوق عطا کئے، جس کا مغرب تصور بھی نہیں کرسکتا، کیونکہ مغرب نے ہمیشہ عورت کی تذلیل کرکے اس کو ایک کاروباری شو پیس کی طرح پیش کیا جبکہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جو عورت کو عزت و احترام اور شرف و وقار بخشتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی مملکت پاکستان میں پیغمبر اکرم صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کی دختر اور عالمین کی عورتوں کی سردار خاتون کامل کے یوم ولادت کو ہی یوم خواتین کے طور پر منانا چاہیئے اور مغربی ثقافت سے آلودہ نعروں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے مطابق عورت کے حقوق پر بات کرنی چاہیئے۔