امریکی ایوان میں بھی سائفر بیانیے کو جھوٹ کہہ کر مسترد کر دیا گیا، شیری رحمٰن
شیعہ نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن نے امریکا کے معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی ڈونلڈ لو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بعد امریکی ایوان میں بھی سائفر بیانیے کو جھوٹ کہہ کر مسترد کر دیا گیا۔ ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ کانگریس کی خارجہ اُمور کمیٹی میں ڈونلڈ لو نے سائفر بیانیے کو جھوٹ قرار دیا، باضابطہ طے ہو چکا کہ سائفر کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی نے سیاسی مقاصد کا تحفظ کیا۔ شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ آڈیو لیک میں عمران خان اور ساتھی سائفر پر سیاست کی پلاننگ کرتے سنائی دیے، سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان سائفر کیس میں تفصیلی وضاحت دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سفارتی تحریر کو سیاسی اور ذاتی مفادات کے لیے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، یہ چھوٹے سیاسی مقاصد کے لیے ملکی مفادات کو داؤ پر لگانے کی بدترین مثال ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سائفر بیانیہ ملکی مفادات کو داؤ پر لگانے کی بدترین مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔