ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملک بھر میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منایا جارہا ہے۔ ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کے دن کا آغاز 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
یوم آزادی پر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر فضا تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ یوم آزادی کے موقع پر پشاور میں بھی 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ یوم آزادی پر توپوں کی سلامی کی یہ تقریب کینٹ کے پانڈو اسٹیڈیم میں ہوئی، جبکہ کوئٹہ کے آرمی پولو کلب میں بھی پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
کراچی میں بھی دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامتی سے کیا گیا۔ شہر شہر نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مساجد میں ملکی ترقی و سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کرائی گئیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔ کشمیری عوام سے یکجہتی کے لئے قومی پرچم کے ساتھ کشمیرکا جھنڈا بھی لہرایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔