مرکزی جانثاران امام عصر کنونشن ملی اعتبار سے اتحاد و اخوت کا گلدستہ ثابت ہوگا، ملک اقرار حسین

  • بدھ, 20 مارچ 2019 13:18

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین نے ایک نیوز ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جانثاران امام عصر کنونشن سے ملی اخوت اور وحدت کا بھرپور پیغام جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کنونشن کو جانثاران امام عصر (عج) کنونشن کا نام دیا گیا ہے، ویسے تو سالانہ طور پر ہمارا پروگرام ہوتا ہے، جسے ہم شوریٰ عمومی کے اجلاس کے عنوان سے منعقد کرتے ہیں تاہم تین سال بعد مجلس وحدت مسلمین کے اہم ترین عہدہ مرکزی سیکرٹری جنرل کا انتخاب ہوتا ہے، اس اجلاس کو ہم کنونشن کا نام دیتے ہیں۔ لہذا اس عنوان سے یہ کنونشن بہت اہم ہے، اس کنونشن کے ذریعے ہم ان جمہوری قوتوں کو بھی یہ پیغام دیتے ہیں کہ جو ہر وقت جمہوریت کا راگ الاپتی ہیں کہ درحقیقت جمہوری اقدار کو فروغ دینے کیلئے کردار ہم ادا کر رہے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ پارٹی چیئرمین، صدر یا سربراہ تاحیات نہیں ہونا چاہئے، یہ ہمارے دستور میں بھی شامل ہے، یہی جمہوریت کا بھی حسن ہے کہ پورے ملک سے شوریٰ عمومی کے اراکین ہر تین سال بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے میر کاررواں کا انتخاب کرتے ہیں۔

ملک اقرار حسین کا کہنا تھا کہ اس کنونشن کے ذریعے ہم یہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ ہم موروثیت کے قائل نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ اس کنونشن کی دوسری اہم چیز کہ پاکستان میں اتحاد و وحدت کے فروغ کیلئے ہم ہر سطح پر کردار ادا کرتے رہے ہیں، اس کنونشن کا آخری سیشن انتہائی شایان شان ہوگا، جس میں ملک بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت کو آن بورڈ لیا جا رہا ہے، تمام ملی و قومی تنظیموں کو بلایا جا رہا ہے، اس میں علمائے کرام شامل ہیں، دانشور حضرات، صحافی، سیاسی و مذہبی رہنماوں کو دعوت دی جا رہی ہے، کنونشن کے آخر میں وحدت اسلامی کے عنوان سے ایک کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہونگی، اس کنونشن سے ملک بھر میں وحدت و اخوت کا پیغام جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 29 مارچ سے 31 مارچ تک یہ تین روزہ کنونشن منعقد ہوگا، اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں، بنیادی انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے، جہاں تک رابطہ مہم کا تعلق ہے تو ہمارے مرکزی ذمہ داران، صوبائی ذمہ دران، دفاتر کے احباب اور اضلاع کے دوست کراچی سے خیبر تک دعوت کا عمل بھرپور طریقہ سے جاری ہے۔ امید ہے کہ آنے والے ایک دو دنوں تک ملک بھر سے وہ افراد جن کو اس کنونشن میں شریک ہونا ہے، سب تک ہمارا دعوت نامہ اور پیغام پہنچ جائے گا۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.