آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےاسلامک ملٹری الائنس کے سربراہ کی ملاقات

  • منگل, 12 فروری 2019 18:03

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سابق آرمی چیف و اسلامی فوجی اتحاد (سعودی اتحاد) کے کمانڈر اِن چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سے دہشت گردی کے خلاف بننے والے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد(سعودی اتحاد) کے وفد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے اور وفد کے شرکاء دو روز تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی اور وفد کی راحیل شریف کی سربراہی میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہو گی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی سول و عسکری قیادت سے اسلامی فوجی اتحاد (سعودی اتحاد)کے وفد کی ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات پر گفتگو ہوگی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوگی اور مہمان وفد کی دو روز قیام کے بعد واپسی منگل کو متوقع ہے۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے 15 دسمبر 2015ء کو اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شریک تھے بعدازاں اس کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔ اسلامی فوجی اتحاد کے پہلےکمانڈرکے طور پر پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کو نامزد کیا گیا اور اب بھی وہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد(سعودی اتحاد) کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ بظاہر اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا مقصد اسلامی ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوششیں کرنا ہےلیکن دہشتگردی سے نبرد آزما اسلامی ممالک شام، عراق، ایران اور یمن شامل نہیں ہیں، جس کی وجہ سےاس اتحاد پر مختلف تحفظات کا اظہار کیا جاتا ہے۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.