شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  آئی ایس او کی جانب سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری  کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی نے سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر علامہ راجہ ناصر عباس کو مبارکباد پیش کی اور  باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ناصر عباس شیرازی، سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی، پنجاب کے نومنتخب سیکرٹری جنرل علامہ خالق اسدی، علامہ اعجاز بہشتی، علامہ اقبال کامرانی بھی موجود تھے۔آئی ایس او کے مرکزی صدر نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، تاکہ ملت کے اجتماعی معاملات بطریق احسن آگے بڑھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملت کو درپیش مسائل کا حل باہمی وحدت میں مضمر ہے۔ قاسم شمسی نے مزید کہا کہ دشمن انقلابی حلقوں کیخلاف سازشیں کرکے نظریاتی و انقلابی لوگوں کے مابین دوریاں پیدا کرکے اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان میں موجود انقلابی قوتوں کو ایک دوسرے کی تقویت کا سبب بن کر دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا تاکہ پاکستان میں رہبریت کی آرزو(وحدت) پوری ہو سکے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے آئی ایس او کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ آئی ایس او نوجوانوں کو دین سے روشناس کرانے کا اہم ترین فریضہ نبھا رہی ہے اور آئی ایس او سے مربوط نوجوان استعمار کی سازشوں کا ادراک رکھتے ہیں، اسی وجہ سے آئی ایس او پاکستان استعمار کی آنکھ میں کھٹکتی ہے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سانحہ ہزار گنجی، اوماڑہ اور ڈی آئی خان ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور کشمیر کے تمام اہم شہروں میں ستر سے زیادہ مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ احتجاجی مظاہروں کا مقصد دہشتگردی سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور دہشتگردی کے ناسور کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا تھا۔

کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے خوجہ جامع مسجد کھارادر، جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد، جامع مسجد دربار حسینی ملیر میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ملک میں جاری دہشت گردوں کی کاروائیوں کے خلاف نعرے بازی کی اور کراچی میں جبری گمشدہ افراد کی جلد بازیابی کے مطالبہ سمیت شیعہ عمائدین کے خلاف ریاستی آپریشن کی مذمت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلوچستان کی ناامنی کے پیچھے ہندوستان ہے جس کو امریکہ اور اسرائیل کی مکمل آشیرباد حاصل ہے، سانحہ ہزار گنجی کے فوری بعد ہی کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی میں سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت نے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے، سانحہ ہزار گنجی کے مجرمان بھی وہی ہیں جنہوں نے کوسٹل ہائی وے پر سیکورٹی فورسز کے جوانوں کو قتل کیا ہے، ان کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔

مقررین نے کہا کہ ریاستی اداروں کی جانب سے چادر اور چار دیواری کو پامال کیا جارہا ہے جو ہرگز قابل قبول نہیں، اگر حکومت نے ملت جعفریہ کے جبری گمشدہ افراد کو رہا نہ کیا تو بہت جلد ملگ گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام سانحہ ہزار گنجی، اوماڑہ اور ڈی آئی خان میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح جنوبی پنجاب کے آٹھ اضلاع میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، ملتان میں نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان سے گلشن مارکیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین صوبائی سیکرٹری علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، سید قمر عباس نقوی نے کی، جبکہ احتجاجی مظاہرے سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا کوارڈینیٹر رائو محمد عارف رضوی، آئی ایس او کے ڈویژنل صدر محمد عاطف، مولانا عمران ظفر، ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، محسن لنگاہ اور شہریار حیدر نے خطاب کیا۔

 ملتان میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی، مظاہرین نے ملک میں جاری دہشت گردوں کی کارروائیوں کے خلاف نعرے بازی کی، احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کی اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی لہر پر تشویش کا اظہار کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ بلوچستان کی ناامنی کے پیچھے ہندوستان ہے، جسے امریکہ اور اسرائیل کی مکمل آشیرباد حاصل ہے، سانحہ ہزار گنجی کے فوری بعد ہی کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت نے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا ہے، سانحہ ہزار گنجی کے مجرمان بھی وہی ہیں جنہوں نے کوسٹل ہائی وے پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو قتل کیا ہے، ان کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام مصطفیٰ انصاری نے کہا کے کراچی سی ٹی ڈی میں معتصب افراد نے کراچی کے امن کو داو پر لگا دیا ہے، بے گناہ افراد کو کارکردگی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، اس ظالمانہ اقدامات کو جلد روکنا ہوگا، ڈی آئی خان کے حوالے سے اب تک حکومت وقت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔ ہم شہداء کے خاندانوں کو کیا جواب دیں؟، حکومت کی دلچسپی دہشگردوں کو قومی دھارے میں ایڈجسٹ کرنے پر ہے جبکہ شہداء کے ورثاء انصاف کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ حکومت اور مقتدر حلقے نیشنل ایکشن پلان پر ازسرنو غور کریں۔ بیانیہ پاکستان کی آڑ میں قاتلوں کو معافی دینے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

رائو محمد عارف رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء کے امین ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کا دہشتگردی کے خلاف عزم دنیا تسلیم کرچکی ہے، سکیورٹی ادارے اور انصاف فراہم کرنے والے ادارے اپنا کردار ادا نہیں کر رہے، اگر سانحہ ماڈل ٹائون کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جاتا تو آج سانحہ ہزار گنجی، سانحہ ساہیوال اور سانحہ اوماڑہ جیسے واقعات رونما نہ ہوتے۔ علاوہ ازیں نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ ابوالفضل العباس کے باہر سید اسد عباس شاہ اور علامہ قاضی نادر حسین علوی کی قیادت میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے دہشتگردی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ملتان کے علاوہ بہاولپور، رحیم یار خان، علی پور، ڈیرہ غازیخان، بھکر، لیہ اور خانیوال میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےسانحہ ہزارگنجی کےخلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کردیا۔

 کوئٹہ میں پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے  علامہ راجہ ناصر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حکومت کی نہیں دہشتگردوں کی رٹ قائم ہے،ہزارگنجی دھماکے اور کوئٹہ میں موجودہ شیعہ ہزارہ برادری کی نسل کشی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ تسلسل کیساتھ جاری اس ظلم و بربریت کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

 انھوں نے کہا کہ آخر ہماری حکومتیں بلوچستان کو کیوں نظر انداز کرتی ہیں،یہاں کے امن پر پے در پے حملوں پر حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،مستقبل کے معاشی گیٹ وے کو نظر انداز کرنا انتہائی مضحقہ خیزہے، بلوچستان میں دہشتگردوں کی نرسری اورکالعدم گرہوں کو لگام نہ دینا حکمرانوں کی نااہلی ہے۔ کہاں ہے نیشنل ایکشن پلان؟؟؟ہمیں مصالحتی رویہ ترک کرتے ہوئے ملکی و قومی سلامتی کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرنے ہونگے۔ہم خانوادہِ شہداء کے لواحقین کیساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور اس مشکل کی گھڑی میں انکو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گئے اور نہ ہی اس مقدس شہداء کے لہو کو سازشی عناصر کے ہاتھوں رائگاں جانے دیں گے۔کوئٹہ کے باشعور اور محب وطن عوام ان سازشوں کا ادراک کرتے ہوئے دشمن کے مضموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ مسجد پر فائرنگ کے نتیجے میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈر فوری اظہار یکجہتی کیلئے شہداء کے لواحقین کے پاس پہنچی تھیں۔ ہمارے وزیراعظم عمران خان کو ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے اب تک جانے کی توفیق نہیں ہوئی، جو کہ بے حسی اور ان کی بے بسی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ بھی پاکستان کے باشندے ہیں، یہاں اقلیتوں کیلئے تو شور مچ جاتا ہے، مگر شیعہ ہزارہ مسلمانوں پر ظلم ہو تو نجانے کیوں سب کو سانپ سونگھ جاتا ہے، کوئی مذمت تک نہیں کرتا، حکومت کو دہشتگردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کرنا ہوگی اور کوئٹہ میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرنا ہوگا، بصورت دیگر دہشتگردی ختم نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت سیال، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی، سید شبر رضا زیدی، سید ندیم عباس کاظمی اور دیگر نے شرکت کی۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ حکومتیں ہمیں تحفظ دینے میں بُری طرح ناکام ہیں، پچھلی حکومت میں بلند و بانگ دعوے کرنے والے عمران خان کو شاید معلوم نہیں کہ وہ اب اس ملک کے وزیراعظم ہیں۔ سلیم عباس صدیقی نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کو اچھی طرح معلوم ہے کہ اس دہشتگردی کا سبب کیا ہے، لیکن بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے چپ سادھ رکھی ہے، کوئٹہ کی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منائیں گے۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا سانحہ ہزارگنجی میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پرملت پاکستان اور ریاست پاکستان کیلئے اہم پیغام میں کہنا تھاکہ ايک بارپھر شیطان بزرگ امریکہ ، عالمی صیہونزم اور ریجن کے خون آشام ، امریکی اور صیہونی نوکروں کے آلہ کاروں نے وطن عزیز کے بے گناہ بیٹوں کو اپنے تیر ستم کا نشانہ بنایا اور بزدلانہ حملے میں انہیں شھید اور زخمی کیا ۔دعا ہےکہ خدا وند متعال ان مظلوم شھداء کی مغفرت فرمائے ، ان کے پسماندگان کو صبر جمیل اور زخمیوں کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا کرے ،ہم اس احمقانہ، بزدلانہ اور ظالمانہ حملے کی بھر پور مذمت کرتےہیں ۔یہ سب سانحات دراصل ہمارے ملک کی سالہا سال سے ملکی مفادات کے خلاف خارجہ اور داخلہ پالیسیوں کا نتیجہ ہیں اور جو کسی نہ کسی طرح سے ابھی تک جاری و ساری ہیں ۔عالمی دہشت گرد امریکہ جو مغربی ایشیا سے لیکر جنوبی ایشیا اور افریقہ کے اسلامی ممالک کو توڑ کر، انہیں resize کر کے reshape کرنا چاہتاہے، اس خطے کو اکھاڑ پچھاڑ کا تختہ مشق بنانے میں مصروف عمل ہےاور بعض مسلمان ممالک اس کام میں امریکہ کے فرنٹ میں کا رول ادا کر رہے ہیں، جن سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سر فہرست ہیں،یمن کی جنگ ہو، یا شام اور عراق میں داعش اور دوسرے دہشت گردوں کی لاجسٹک سپورٹ ہویا مالی تعاون، اور اسرائیل کو محفوظ بنانے اور فلسطین پر اس کے قبضے کو قانونی حیثیت دینے کے لئے deal of century ہو، یا لیبیا میں دہشت گردی اور نا امنی ہو ان سب کاموں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکمران پیش پیش ہیں۔امریکہ کی عالمی سطح پر hegemony کو مغربی ایشیا سے چیلنجز اور خطرات درپیش ہیں وہیںجنوبی ایشیا سے بھی ہیںوہ اس خطے کو بھی ناامن رکھنا چاہتاہےور اسی لئے داعش کو بھی اس حساس اور اسٹریٹیجک ریجن میں مختلف علاقوں سے داعش جیسے گروہ بھی منتقل کیے جا رہیں ہیں ۔جن کاھدف اس جنوبی ایشیا کو destablize کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اگر چاہتاہے کہ یہ ریجن اور خود پاکستان پرامن ہوجائے تو پھر ہمیںامریکہ ، عالمی صیہونزم اور انکی پالیسز کو اسلامی ممالک میں انجام دینے والے " فرنٹ مین آلہ کاروں سے پاکستان کو بچانا ہو گا ۔اپنی خارجہ پالیسی اور داخلہ پالیسی کو از سر نو تشکیل دینا ہو گا ۔وگرنہ ہم ہرروز وطن عزیز کے بے گناہ بیٹوں کے جنازوں کے ٹکڑے اٹھاتے رہیںگے اور ان کے پسماندگان کو طفل تسلیاں دیتے رہیں گے ۔صاحبان اقتدار یہ جان لیں کہ خدا وند متعال کا انتقام شدید ہو گا، اور اللہ ہی مظلوموں کا حامی اور ان کا انتقام لینے والا ہے ۔یہ بات ذہن نشین رہے کہ قاتلوں کو مین اسٹریم میں لانے کے نام پر انہیں معافی دینے والے بھی ایک دن ضرور قادر مطلق کی بارگاہ میں کٹہرے میں کھڑے ھونگے اور جوابدہ ہونگے ۔اس وقت دکھی دل کے ساتھ خدا وند متعالی کی بارگاہ میں دست بدعا ہوں کہ وہ اہل وطن کو ان طوفانوں کا مقابلہ کرنے کا شعور، بصیرت اورہمت دے ، اپنی قوم کے مظلوموں کی خدمت میں عرض ہے کہ ہمیںاپنے دشمن کو پہنچاننا چاہئے جو ڈیرہ اسماعیل خان سے لیکر بلوچستان اور کراچی تک ہمیں قتل اور شہید کر رہاہے، وہ کونہ ہے؟ اور ایسا کیوں کر رہاہے ۔اس کی وجہ یہی ہے کہ و ہ ہمیں اپنے منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ سمجھتا ہے ۔وہ پاکستان کو توڑنا چاہتاہے تا کہ یہ سارا خطہ ٹوٹ جائے، اور وہ جانتا ہے کہ اہل تشیع اور اولیاء اللہ سے محبت کرنے والے اہل سنت اور سیکورٹی کے اداروں کے جوان اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، جب دوسرےلوگ غیر ملکی ایجنڈے پر عمل کرتےہوئے داعش، القاعدہ اور دوسرے دہشت گروہوں میں ڈھال سکتے ہیں اور پھر وطن اور اہل وطن پر کاری ضربیں لگا سکتے ہیں تو وہ اس وقت اہل تشیع اور ہمارے اولیاء اللہ کو ماننے والے اہل سنت بھائی نہ صرف ایسا نہیں کر سکتے بلکہ اس کا راستہ روکتے ہیں اور روکتے رہیں گے ۔لہذا انہیں مارو، انہیں کمزور کرو، انہیں مایوس کرو تا کہ وطن کے دفاع کی نیچرل فرنٹ لائن کو توڑ دیا جائے۔ آپ کی استقامت، صبر اور حوصلے سے دشمن ناکام ھوگا، اور وطن میں موجود گھس بیٹھیے رسوا ہونگے ۔ہمارے قاتل امریکہ، عالمی صیہونزم اور ان کے نوکر بعض عرب حکمران اور ملک میں موجود ان کے ساتھی ہیں ۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)  کراچی میں  ولادت امام حسینؑ و مولا عباسؑ کی مناسبت سے فیملی فیسٹیول کا انعقادسولجربازار میں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین ضلع جنوبی کے زیر اہتمام جشن انوار شعبان و فیملی فیسٹیول بمناسبت ولادت باسعادت حضرت امام حسین ع و مولا عباس علمدار ع کا ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکریٹریٹ کلیٹن گارڈن کے سامنے انعقاد کیا گیا۔

 جشن سے ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے خصوصی خطاب کیا جبکہ معروف اہل سنت نعت خواں حکیم سلطان کا بارگاہ ولایت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما ناصرحسینی، علامہ علی انور جعفری، ذیشان حیدر ، حسن رضا،علامہ سجاد شبیر رضوی اور یوتھ فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد عسکری دیوجانی نے خصوصی شرکت ک۔

جشن انوار شعبان و فیملی فیسٹیول میں بچوں کی تفریح کیلئے جھولوں ،جمپنگ کیسل،سلائڈ کیسل وغیرہ کااہتمام کیا گیا تھاجبکہ مومنین کی تواضع کیلئے حلوہ پوری،فرینچ فرائز،پوپ کارن،آئس کریم اور دیگر اشیاکے اسٹالز لگائے گئے،جشن کے اختتام پر ولادت امام حسین ع کی مناسبت سے ویڈیو ڈاکومنڑی بذریعہ ملٹی میڈیا دکھائی گئی، بچوں اور بچیوں کے درمیان پینٹنگ کا مقابلہ اور مومنین و مومنات کے درمیان کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا اور کامیاب ہونے والوں کو تحائف اور نقد انعامات سے نوازا گیا، جبکہ ننھے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی گئی۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)  لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام سالانہ جشن ولادت امام حسین ؑ و مولا عباسؑ کا انعقاد۔

 ۳شعبان المعظم سالانہ جشن ولادت با سعادت مولا حسین ع و مولا عباس ع برمکان سید حسن رضا کاظمی سیکریٹری سیاسیات ایم ڈبلیوایم پنجاب و سید حسنین رضا کاظمی جنرل کونسلر MWM امامیہ کالونی منعقدہوا ۔

جشن میں شعراء اور منقبت خواں حجرات نے بارگاہ امام حسینؑ و مولا عباسؑ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جشن میں رکن قومی اسمبلی برگیڈئیر(ر)راحت امان اللہ بھٹی، سابق رکن پنجاب اسمبلی سید علی عباس گل آغا ، سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی ، شیعہ شہریان پاکستان کے کنوینئر علامہ سید وقارالحسنین نقوی سمیت علاقے کی مزہبی،سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)  پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان میںو لادت باسعادت حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علمدار علیہ السلام  کی مناسبت سے جشن کا اہتمام کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین ضلع ڈیرہ غازی خان کی جانب سے ولادت باسعادت حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علمدار علیہ السلام کے موقع پر سخی سرور میں جشن کا اہتمام کیا گیا، جشن سے مولانا جعفر سروری نے خطاب کیا، اُنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی ہستی عالم اسلام کیلئے نقطہ اتحاد ہے، آج عالم اسلام خوشیاں منا رہا ہے، آج جس طرح ہم جشن منا رہے ہیں، اُسی طرح ضرورت اس بات کی ہے کہ اُن کی سیرت پر چلیں اور اُن کے اُسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں، جشن کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر سخی سرور یونٹ کے سیکرٹری جنرل زوہیب یونس، کاظم رضا، شیخ عامر حسین، خالد حسین، ضلعی میڈیا سیکرٹری جہانزیب حیدر اور دیگر موجود تھے۔ بعدازاں شرکائے جشن نے دربار عالیہ حضرت سخی سرور پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور مولانا جعفر سروری نے خصوصی دُعا کرائی۔

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پہلے مرحلے میں ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی کابینہ کے 6 نئے اراکین کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ سید احمد اقبال رضوی اور سید ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کو مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل، علامہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی کو مرکزی سیکرٹری امور خارجہ، علامہ باقر عباس زیدی کو مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود (چیئرمین خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ ٹرسٹ) سید اسد عباس نقوی کو مرکزی سیکرٹری امور سیاسیات اور علامہ ڈاکٹر محمد یونس حیدری کو مرکزی سیکرٹری امور تربیت کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔ اگلے مرحلے میں  باقی اراکین مرکزی کابینہ کے ناموں کا اعلان جلد متوقع ہے۔