
بھارت میں 127 مسلمان 19 سال بعد دہشت گردی کے جھوٹے مقدمہ سے بری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بھارت کی ریاست گجرات میں 19 سال بعد دہشت گردی کے جھوٹے مقدمے میں 127 مسلمانوں کو بری کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات میں 19 سال بعد دہشت گردی کے جھوٹے مقدمے میں 127 مسلمانوں کو بری کردیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق ان 127 مسلمانوں کو ریاست گجرات میں ” مسلم تعلی” ‘ سے متعلق ایک سیمینار میں شرکت کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے گرفتارشدگان پر کالعدم جماعت ” اسٹوڈینٹس اسلامک موومنٹ انڈیا” سے تعلق رکھنے اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے لیے اسلحہ و بارود جمع کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
اس سمینار کا انعقاد آل انڈیا اقلیتی تعلیمی بورڈ نے کیا تھا جس میں جودھپور کی جے نارائن ویاس یونیورسٹی میں اس وقت کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر بھی رکن تھے۔ 3 روزہ پروگرام میں ہندوستان بھر سے 400 مسلم اسکالرز، کارکنان اور کمیونٹی رہنماؤں کی شرکت کی توقع تھی۔
گجرات کے شہر سورت کے بند فلم تھیٹر راجیشری ہال میں جاری سیمینار کے پہلے ہی دن صبح 11 بجے پولیس نے چھاپہ مارا اور 127 افراد کو حراست میں لے لیا تھا تاہم پولیس 19 برسوں میں کوئی ایک بھی ثبوت یا گواہ عدالت میں پیش نہیں کرسکی۔