
بھارت مسلمانوں اور اوآئی سی کا کھلا دشمن ہے، حامد موسوی
شیعہ نیوز:آغا سید حامد علی موسوی نے کہا ہےکہ بھارت مسلمانوں اور اوآئی سی کا کھلا دشمن ہے۔ مسلمان حکمران بھارت سے یارانے ختم کریں ، مودی او آئی سی کانفرنس کو ناکام کرنے کیلئے سر توڑ سازشیں کررہا ہے ، کوئٹہ تربت کراچی میں دہشت گردی کے سانحات میں بھارتی ہاتھ ملوث ہے ،اوآئی سی ہر محاذ پر ناکام رہی ، ناکامیوں کا تسلسل توڑنے کیلئے مسلم ممالک اپنی دشمنیاں ختم کرنے کا اعلان کریں ۔دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ عالم اسلام کے وسائل مسلم ممالک کی ترقی کیلئے خرچ کئے جائیں ، سرزمین حجاز میں غیر اسلامی و غیر شرعی ثقافتوں کی ترویج اور مقامات مقدسہ کی تکریم پر پابندی دوہرا رویہ ہے ۔مسلم ممالک آگے بڑھنے کے بجائے زوال کی جانب گامزن ہیں ،امام زین العابدینؓ نے اسلام کے تحفظ کیلئےہر عہد کے مظلومین اور فتح و نصرت کی راہ دکھلائی ۔ ان خیا لات کا اظہا انہوں نے ٹی این ایف جے خیبر پختونخواہ کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حامدموسوی نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے پر ایک طرف سعودی عرب کی کال پر پاکستان میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جاری ہے عین اسی وقت بھارت پانچ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ افغانستان کے موضوع پر اجلاس کرنا تعجب خیز ہے۔ بھارت کے ساتھ دوستی کے خواہشمند تمام مسلم ممالک اس سے سبق لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی کانفرنس کے اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان کے کئی شہروں میں دہشت گردی کے سانحات بھارتی بے چینی کے عکاس ہیں۔ دیرپا امن کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عمل کرایا جائے۔