بھارتی فوج کم عمر کشمیریوں کو گرفتار کر رہی ہے، امریکی اخبار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا پول کھول دیا، رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کم عمر لڑکوں کو گرفتار کررہی ہے۔
زرائع کے مطابق کشمیری والدین پریشان ہیں، بھارتی فوج دھڑا دھڑ کم عمر نوجوانوں کو گرفتار کر رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت کے مسلح فوجی رات کے اندھیرے میں گھروں کی دیواریں پھلانگ کر لڑکوں کو گرفتار کر رہے ہیں۔امریکی اخبار سے نثار احمد میر نے اپنے بیٹے دانش اور مسجد سے واپسی پر گرفتار کیے گئے 13سالہ فرحان فاروق کی والدہ نازیہ نے بھی گفتگو کی۔فرحان کی والدہ نے امریکی اخبار کو بتایا کہ روز سری نگر سے 10 کلو میٹر دور پولیس اسٹیشن جاتی ہوں، بے قصور بیٹے کو لاک اپ میں روتا دیکھ کر دل روتا ہے۔ نازیہ نے کہا کہ بچوں کو گرفتار کرنیوالا بھارت کچھ بھی کرسکتا ہے، اسی لیے کشمیر کے ہر گھر میں خوف کا ڈیرہ ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق فرحان ان ہزاروں کشمیریوں میں سے ایک ہے جو بغیر الزام جیلوں میں ہیں، ماں نازیہ روز بیٹے سے ملنے تھانے جاتی ہے، لیکن ملاقات روز نہیں ہوتی۔ نثار احمد میر نے بھارتی حکومت کو غنڈہ راج قرار دیا اور کہا کہ آدھی رات کو پولیس دیوار پھاند کر گھر میں گھسی، میرے 17سالہ بیٹے دانش کو گرفتار کرکے لے گئی۔اخبار نے ماہرین کے حوالے سے لکھا کہ وادی میں جیسا ظلم آج ہو رہا ہے، اس کی پہلے مثال نہیں ملتی، پہلے گرفتاریاں پتھر مارنے پر ہوتی تھیں، اب صرف پتھر مارنے کے شبے میں دھر لیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سری نگر جیل کے باہر کھڑے کشمیری نے کہا کہ پوری وادی جیل ہے، کچھ لوگ اندر ہیں، کچھ ہماری طرح باہر لیکن قید ہیں۔