بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، خواتین بچوں سمیت 11 شہری زخمی
شیعہ نیوز : بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کھوئی رتہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 11 شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھوئی رٹہ سیکٹر پر فائرنگ کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 خواتین، 4 بچے زخمی ہوئے، بھارتی فوج جان بوجھ کر خواتین اور بچوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج نے جگجوٹ گاؤں میں شادی کی تقریب پر راکٹس اور مارٹرز گولے داغے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ 2003 سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ اخلاقی پستی، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی عکاس ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور چار شہری شہید ہو گئے جب کہ پانچ جوانوں سمیت 17 افراد زخمی ہوئےتھے۔