
بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی، ضلع جموں میں مزید 4 کشمیری شہید
شیعہ نیوز : مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے، ضلع جموں میں قابض فوج نے 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا، علاقے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں۔
غاصب بھارتی فوج چن چن کر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ٹرک میں سوار 4 نوجوان ہائی وے پر جموں سے سری نگر جا رہے تھے کہ قابض فوج کے اہلکاروں نے انہیں ناگ روٹا ٹال پلازہ پر گھیرے میں لے کر فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا، علاقے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ بھارتی فوج سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے، قابض فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
اس سے قبل جمعہ کی صبح جموں و کشمیر میں جنوبی کشمیر کے کولگام میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔جبکہ 3 فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔ شہید نوجوانوں کا تعلق جیش محمد سے بتایاجاتاہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں جمعرات کے روز فوج نے ایک حریت پسند کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ۔
پولیس ذرائع نے ساوتھ ایشین وائر کو بتایا کہ جنوبی کشمیر میں پچھلے 19 دنوں کے دوران 32 حریت پسند شہید ہوچکے ہیں ، جن میں 2 ہفتے سے بھی کم عرصے میں صرف شوپیاں میں 22 علیحدگی پسند شہید ہوئے ہیں۔