
وادی نیلم پر بھارتی اشتعال انگیزی،باپ بیٹا جاں بحق
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ضلع کوٹلی میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال شیلنگ کے نتیجے میں ایک شخص بیٹے سمیت شہید جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں واقع وادی نیلم میں بھارتی فورسز نے گزشتہ روز سہ پہر میں بلا اشتعال شیلنگ کی اور جورا گاؤں اور لالہ گاؤں کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔
وادی نیلم کے ڈپٹی کمشنر راجا محمود شاہد نے کہا کہ’ بھارتی فورسز نے چھوٹے اور بھاری ہتھیار استعمال کیے اور شیلنگ کی شدت بہت زیادہ تھی‘۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی شیلنگ کے نتیجے میں لالہ گاؤں میں گل زرین نامی شخص ان کا 12 سالہ بیٹا سلطان شہید ہوگیا۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق بھارتی جارحیت کے نتیجے میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شیلنگ کے نتیجے میں 2 مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
ضلع کوٹلی کے پولیس عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں جگل پال گاؤں کے سری کھوئی رٹہ سیکٹر میں محمد آفتاب نامی شخص کی 4 سالہ بیٹی زخمی ہوئی۔
واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
خیال رہے کہ 20 اکتوبر کو آزادجموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال شیلنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور 6 شہری شہید ہوگئے تھے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں 9 کشمیری زخمی بھی ہوئے تھے اور مزید بتایا تھا کہ یہ رواں برس بھارتی شیلنگ کے نتیجے میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات تھیں۔