مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، علامہ علی حسنین
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ حکومت مہنگائی کے جن پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ عوام الناس کو فوری طور پر ریلیف فراہم کی جائے۔ یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بے روزگاری سے دوچار ہیں، ایسے میں مہنگائی کی شدت میں مسلسل اضافے سے عوام پریشان ہیں۔ حکمران جماعت مسلسل یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ مہنگائی پر قابو پا لیا گیا ہے اور سب ٹھیک ہے، تاہم عملی طور پر اس کے کوئی اثرات نظر نہیں آ رہے ہیں۔ عوام الناس مہنگائی کے ہاتھوں پس رہی ہے، تو دوسری جانب حکمرانوں کو عوامی مسائل نظر ہی نہیں آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام غریب لوگ ہیں۔ جن کے منہ سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ میں اتنے لوگ شامل ہیں مگر اجلاس کے دوران عوام الناس کو ضرورت کی اس گھڑی میں ریلیف فراہم کرنے کی تجویز دینے والا کوئی پیدا نہیں ہوتا۔ ملک و قوم پر نااہل حکمرانوں کو مسلط کیا گیا، تاہم اس بات کی سزا عوام الناس کو دی جا رہی ہے۔ بلوچستان کے عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ایسے میں بڑھتی مہنگائی کی بدولت ان سے بچی کچی خوشیاں بھی چھینی جا رہی ہے۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ حکومت کو بلوچستان کے عوام پر رحم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے حق میں پالیسی سازی کرنی چاہئے۔ حکمرانوں کے مراعات کم کرکے اور کرپشن پر قابو پاکر وہ پیسے عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے میں صرف کرنی چاہئے۔