آئی ایس او کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام ’’انفجار نور سیمینار‘‘ کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی ایران کی 43ویں سالگرہ کے موقع پر ’’انفجار نور سیمینار کا انعقاد‘‘ مسجد امام رضاؑ نیو رضویہ سوسائٹی کراچی میں کیا گیا۔ سیمینار سے مولانا نقی ہاشمی اور آغا مبشر زیدی نے خطاب کیا۔
شرکائے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نقی ہاشمی نے کہا کہ انقلاب اسلامی دن بدن اپنی ترقی و کامیابی کے مراحل طے کر رہا ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں موجود استعماری قوتیں اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ مولانا نقی ہاشمی نے انقلاب اسلامی ایران کو صدی کا معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس ماحول میں انقلاب اسلامی کامیاب ہوا، کوئی یقین نہیں کرتا تھا کہ ایک سادہ زندگی بسر کرنے والا شخص اتنے بڑے انقلاب کی رہبری کر سکتا ہے اور اسے کامیاب کر سکتا ہے۔مولانا نقی ہاشمی نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ نے اہل بیت علیہم السلام اور خدا پہ توکل کیا اور کامیاب ہوئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں کراچی، ایرانی قونصلیٹ میں انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے تقریب
سالگرہ انقلاب اسلامی کی مبارکباد دیتے ہوئے آغا مبشر زیدی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں، ہماری زمہ داری ہے کہ اس نعمت الٰہی کو نئے آنے والی نسلوں تک منتقل کریں اور اس کو مزید مستحکم کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی کی بہتر ترویج کیلئے ہمیں چاہیے کہ زندگی کے تمام شعبہ جات میں مہارت حاصل کریں اور خصوصاً تعلیمی میدان میں ہم مضبوط ہوں۔