
گستاخ امام زمانہؑ، ملعون احسن باکسر کی مدعی مقدمہ اور وکیل کو قتل کی دھمکیاں
گستاخ امام زمانہؑ ملعون احسن باکسر مبینہ طور پر پولیس کی ملی بھگت سے جیل سے فرار ہو کر افغانستان میں پناہ لئے ہوئے ہے۔ مدعی اسد علی زلفی نے ملزم کی جانب سے دھمکیاں ملنے پر متعلقہ تھانے میں درخواست دیدی ہے، مگر پولیس کارروائی سے گریزاں ہے
شیعہ نیوز: گستاخ امام زمانہؑ، ملعون احسن باکسر کیخلاف لاہور کے تھانہ اچھرہ میں توہین امام کرنے پر مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ اس مقدمے کے مدعی اسد علی زلفی بلتستانی ہیں، جبکہ اس کیس کو سید اسد عباس نقوی ایڈووکیٹ پراسیکیوٹ کر رہے ہیں اور سید زین رضوی بطور گواہ کیس کا حصہ ہیں۔ ممتاز عالم دین علامہ امتیاز کاظمی کی خصوصی کاوشوں سے ملزم ملعون احسن باکسر کیخلاف مقدمہ درج کروا کر اسے پابند سلاسل کروایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے مدعی، وکیل اور گواہ کو صلح کرنے کی پیشکش کی، جسے مدعی سمیت دیگر نے مسترد کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: توہین امام زمانہؑ کے خلاف استور میں تیسرے روز بھی دھرنا جاری
مدعی کی جانب سے صلح کی پیشکش مسترد ہونے پر گستاخ امام زمانہؑ ملعون احسن باکسر نے مدعی، وکیل اور گواہ کو قتل اور مذکورہ تینوں شخصیات کے اہلخانہ کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔ گستاخ امام زمانہؑ ملعون احسن باکسر مبینہ طور پر پولیس کی ملی بھگت سے جیل سے فرار ہو کر افغانستان میں پناہ لئے ہوئے ہے۔ مدعی اسد علی زلفی نے ملزم کی جانب سے دھمکیاں ملنے پر متعلقہ تھانے میں درخواست دیدی ہے، مگر پولیس کارروائی سے گریزاں ہے۔ اسد علی زلفی سمیت دیگر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔