آرمی چیف سے ایرانی فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ہمسائیوں سے پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حامد واحدی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں پاکستان اور ایران کی فضائیہ کے سربراہان کی اسلام آباد میں اہم ملاقات
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے، انہوں نے علاقائی استحکام کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، دونوں جانب سے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کے موثر اقدامات کو بھی سراہا۔