شہید جنرل سلیمانی کا مشن جاری رکھیں گے، اسپیکر قالیباف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں اپنی پہلی تقریر میں اسلامی نظام میں پارلیمنٹ کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اسلامی انقلاب کی امنگوں کے بارے میں کسی بھی غفلت کو قبول نہیں کرتی اور غیر ملکی دشمن خاص طور پر امریکہ اور صہیونی ریاست کے ساتھ مقابلے کو اپنے بنیادی اصولوں میں سے ایک سمجھتی ہے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ شہید سلیمانی کی راہ کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے اور فلسطینی عوام ، لبنان کی حزب اللہ ، مزاحمتی گروہوں ، حماس ، اسلامی جہاد اور یمن کے مظلوم عوام کی حمایت کے ساتھ ساتھ عراقی حکومت اور قوم کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔
ایران کے اسپیکر نے پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی کی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گیارہویں پارلیمنٹ سامراج کے ساتھ مقابلے کو اہم سمجھتی ہے اور امریکہ جو عالمی سامراج کا محور ہے اس کے ساتھ مذاکرات اور سمجھوتے کو بیہوہ اور نقصان دہ سمجھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد امریکہ سے نمٹنے کے لئے ہماری حکمت عملی شہید سلیمانی کے خون کا بدلہ لینے کا سلسلہ مکمل کرنا ہے۔ وہ کام جو عین الاسد کے اڈے پر حملے کے ساتھ شروع ہوا اور خطے سے امریکی دہشت گردوں کے انخلا کے ساتھ خاتمہ کیا جائے گا۔