مشرق وسطی

فلسطینیوں کی نسل‌کشی کو فوری طور پر روکا جائے، ایران کا عالمی برادری سے مطالبہ

شیعہ نیوز: ایرانی وزارت خارجہ نے غزہ میں صہیونی حکومت کے انسانیت سوز جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف مؤثر، فوری اور فیصلہ کن عالمی اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے فلسطین بالخصوص غزہ میں جاری صہیونی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور علاقائی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات اٹھائیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل انسانیت اور اخلاقیات کے تمام معیاروں کو پامال کرچکا ہے۔ غیر انسانی محاصرہ، پناہ گزین مراکز پر وحشیانہ بمباری اور انسانی امداد کی تقسیم کے مراکز کو نشانہ بنا کر بھوکے اور پیاسے لوگوں کو اجتماعی قتل کا نشانہ بنانا، اسرائیل کی سنگدلی اور سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

غزہ کے ذرائع کے مطابق غذا کی تلاش میں قطاروں میں کھڑے ہزاروں معصوموں کا قتل، بھوک سے 600 سے زائد افراد کی شہادت، اور غزہ کی 90 فیصد زمین کا غیرقابل سکونت ہونا، اسرائیل کی درندگی اور جنگی جرائم کے ناقابل تردید شواہد ہیں۔ اس وقت 12 لاکھ سے زائد افراد شدید قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران دوبارہ اسرائیل کو سبق سکھانے کرنے کے لیے تیار ہے، صدر پزشکیان

بیان میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قانونی کردار ادا کرنے میں ناکام ہونے کی وجہ سے صہیونی حکومت کو مزید جرائم کا حوصلہ مل رہا ہے اور بین الاقوامی اصول پامال ہورہے ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ اور کچھ یورپی ممالک بالخصوص جرمنی کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی مکمل دفاعی، سیاسی اور اقتصادی حمایت نے نسل پرست حکومت کو مکمل بے لگام کردیا ہے۔

بیان نے امریکہ اور صہیونی حکومت کے حامی ممالک کو اسرائیلی جرائم میں شریک قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ممالک نہ صرف اسرائیل کو اسلحہ اور سیاسی حمایت فراہم کررہے ہیں بلکہ اس کے خلاف عالمی سطح پر مواخذے کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

بیان میں زور دیا گیا ہے کہ پانچ ماہ سے جاری غذائی و طبی امداد کی بندش اور غزہ میں طبی نظام کی مکمل تباہی سے پورے خطے کو ایک ہمہ گیر انسانی المیہ درپیش ہے۔

بیان کے آخر میں ایران نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو آزادی کے لئے جدوجہد کا مکمل حق ہے اور اب وقت آ چکا ہے کہ دنیا کی تمام آزاد اقوام اور حکومتیں فلسطین کی آزادی کے لیے متحد ہوکر مؤثر اقدام کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button