ایران ہمسایہ ممالک کا خیرخواہ ہے: ابراہیم رئیسی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قطر کے وزیر خارجہ ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچے ہیں جہاں انہوں نے منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی۔
قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے اتوار کو تہران پہنچنے پر ایران کے منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اسی طرح خطے اور افغانستان کی صورتحال بھی زیرغور آئی۔
اس ملاقات میں ایران کے منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران اور قطر کے عوام دینی لحاظ سے برادر ہیں اور ایک دوسرے کے قابل اعتماد دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک بھروسے مند دوست اور بہترین پڑوسی ہے اور آپ یقین رکھئے کہ ایران اپنے ہمسایوں کا خیرخواہ ہے۔
منتخب صدر نے کہا کہ علاقے میں بدامنی کی جڑیں علاقے سے باہر تلاش کی جانی چاہئے اور علاقے کے مسائل کا حل علاقائی ملکوں کے درمیان باہمی تعاون ہے- قطر کے وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں ایران کے منتخب صدر کو امیر قطر کا سلام پہنچاتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک علاقے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ایران کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔
قبل ازیں ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ نے تہران میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے مختلف مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔