
ایران نے امریکہ و اسرائیل کا دفاعی نظام بے نقاب کردیا، امریکی تھنک ٹینک
شیعہ نیوز: امریکی تھنک ٹینک کے مطابق ایران کے 574 میزائلوں میں سے صرف 201 روکے جاسکے، تھاڈ میزائل ذخیرہ 8 سال تک بحال نہیں ہوسکے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایک معتبر امریکی یہودی تھنک ٹینک "جینسا” Jewish Institute for National Security of America نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر حالیہ بڑے پیمانے کے میزائل حملے نے امریکہ و اسرائیل کے مشترکہ دفاعی نظام کی کمزوری کو عیاں کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے 574 میزائلوں میں سے صرف 201 کو امریکی و اسرائیلی دفاعی نظام روک سکا۔ امریکی افواج نے اس دوران اپنے اسٹریٹیجک دفاعی نظام "تھاڈ” کے 92 میزائل فائر کیے، جو کل ذخیرے کا تقریبا 14 فیصد بنتے ہیں۔
ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ اس حد تک مہنگے اور محدود ذخیرے کی مکمل بحالی میں تین سے آٹھ سال لگ سکتے ہیں، جس سے نہ صرف مشرق وسطی بلکہ بحرالکاہل و ایشیا میں امریکی فوجی تیاریوں پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ انسداد منشیات مہم میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، سعودی عرب
جینسا کے نائب صدر برائے امور خارجہ آری سیکورل نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ یہ کارروائی ایران، روس اور چین کے لیے ایک سیاسی پیغام تھی کہ امریکہ اپنے اہم اتحادی اسرائیل کا دفاع ضرور کرے گا، تاہم زمینی حقیقت یہ ہے کہ واشنگٹن کے دفاعی ذخائر تشویشناک حد تک کم ہوچکے ہیں اور ان کی فوری اور بھرپور بحالی ناگزیر ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایک تھاد میزائل کی قیمت 12.7 ملین ڈالر ہے اور اس سال امریکہ محض 23 نئے میزائل حاصل کرے گا، جبکہ مالی سال 2026 تک مجموعی تعداد 60 سے کم رہے گی۔
مزید برآں، امریکی دفاعی نظام کی خلیج فارس کی ریاستوں کو فروخت نے داخلی ذخائر کی بحالی کو مزید سست کر دیا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ 15 ارب ڈالر کا معاہدہ 7 تھاڈ یونٹس اور 360 میزائلوں کی فراہمی پر مشتمل ہے، جبکہ قطر بھی 42 ارب ڈالر کے دفاعی پیکیج کے تحت وہی سسٹم حاصل کررہا ہے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ جب حملوں کی شدت زیادہ ہو اور تھاڈ کی فائرنگ کا تناسب 60 فیصد سے بڑھ جائے تو ایرانی میزائلوں کی کامیاب رسائی کی شرح میں بھی 1 سے 4 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو اس نظام کی حدود اور حملوں کی شدت کے درمیان تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حملے کے دوران امریکہ نے قطر میں العدید ایئربیس کے دفاع کے لیے پیٹریاٹ میزائل سسٹم سے 30 میزائل داغے، مگر یہ نظام تھاڈ کی طرح طویل فاصلے کے حملوں سے مکمل تحفظ دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
جینسا نے آخر میں کانگریس کو خبردار کیا ہے کہ اگر بجٹ میں فوری اضافے اور جامع حکمت عملی کے تحت دفاعی ذخائر کو بحال نہ کیا گیا، تو امریکہ کو مستقبل میں بیک وقت کئی عالمی محاذوں پر دفاعی کمزوریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس کا آغاز مشرق وسطیٰ سے ہوچکا ہے۔