مزاحمتی گروہوں کے فیصلوں میں ایران کی کوئی مداخلت نہیں، ناصر کنعانی
ناصر کنعانی نے کہا کہ علاقے میں امن، استحکام و سلامتی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر ایک بار پھر تاکید کرتے ہوئے، اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ غزہ میں جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور غزہ کے خلاف جاری غاصب صیہونی رژیم کے سفاکانہ حملوں کا فی الفور خاتمہ اور فوری جنگبندی، خطے میں امن کی واپسی کی بنیاد بن سکتی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کے مزاحمتی گروہ اپنے فیصلوں و اقدامات میں اسلامی جمہوریہ ایران سے احکامات نہیں لیتے اور اسلامی جمہوریہ ایران؛ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے طریقہ کار یا کسی بھی جارحیت یا ناجائز قبضے کے خلاف اپنے اور اپنے عوام کے دفاع سے متعلق مزاحمتی گروہوں کے فیصلوں میں مداخلت نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات کا اعادہ ایک گھناؤنا منصوبہ اور ان فریقوں کی سازش ہے کہ جو خطے میں چھیڑی جانے والی نئی جنگ میں امریکہ کو لا گھسیٹنے اور جاری بحران کو وسعت و شدت دینے کے لئے واشنگٹن کو اکسانے کے عمل کو اپنے مفادات کے عین مطابق جانتے ہیں تاکہ اس کے ذریعے اپنے جاری سنگین مسائل پر پردہ ڈال سکیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی کہ ایران پوری تیاری اور چوکسی کے ساتھ خطے کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ ایران کے خلاف اشتعال انگیز الزامات کے نتائج کی مکمل ذمہ داری بھی ایسے بے بنیاد دعووں کے مرتکب فریقوں پر ہی عائد ہوتی ہے۔