مشرق وسطی

ایران نے ثابت کیا انقلاب اسلامی کی بنیادیں فولاد سے بھی زیادہ مضبوط ہیں، رہبر معظم

شیعہ نیوز: رہبر معظم انقلاب نے کہا کہ صہیونی حملے کے دوران ایرانی قوم کی استقامت، اتحاد اور دینی بصیرت کو دنیا کے سامنے آشکار ہوگئی اور انقلاب اسلامی کی بنیادوں کو مزید مضبوط کردیا۔

رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ‌ای نے 12 روزہ جنگ میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں کے چہلم کی مناسبت سے کہا کہ اسلامی جمهوری ایران نے دنیا پر ثابت کیا کہ ملک کا نظام مستحکم اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔

تہران کے حسینیہ امام خمینی میں منعقد ہونے والی تقریب میں شہداء کے اہل خانہ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور ریاستی حکام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

رہبر معظم انقلاب نے اپنے خطاب میں اس جنگ کو ایرانی قوم کے عزم، ارادے اور طاقت کے اظہار کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کی دشمنی کی اصل وجہ ملت ایران کا ایمان، علم اور اتحاد ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رہبر معظم انقلاب کی موجودگی میں 12 روزہ جنگ کے شہداء کی چہلم کی تقریب کا انعقاد

انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کی توفیق سے مختلف علمی میدانوں میں ترقی کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ایران کو ترقی و افتخار کی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ‌ای نے شہید ہونے والے سپاہیوں، سائنسدانوں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں نے نہ صرف ایرانی قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ پوری دنیا کو اسلامی جمہوریہ کی طاقت، مزاحمت اور بھرپور دفاعی طاقت کی جھلک دکھادی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ ایران پر یلغار ہوئی ہو۔ پچھلے 46 سالوں میں اسلامی جمہوری ایران نے آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ، مختلف سیاسی و دفاعی سازشوں اور سرد جنگوں کے مراحل طے کرتے ہوئے دشمنوں کی تمام چالیں ناکام بنائیں۔

رہبر انقلاب نے اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیادوں کو دین اور سائنس و ٹیکنالوجی پر استوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے نوجوان اور عوام ان دو ستونوں پر اعتماد کرتے ہوئے دشمن کو عقب نشینی پر مجبور کرنے میں کامیاب رہے اور آئندہ بھی اسی حکمت عملی پر عمل پیرا رہیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عالمی استکبار، خاص طور پر امریکہ کی مخالفت ایران کے جوہری پروگرام یا انسانی حقوق سے متعلق نہیں بلکہ اصل مسئلہ ایران کا اسلامی، سائنسی، فنی اور فکری میدانوں میں ابھرتا ہوا کردار ہے، جو دنیا کے لیے ایک نیا پیغام اور نیا بیانیہ لے کر آیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button