ایران اسرائیل کی ہر قسم کی جارحیت کا دندان شکن جواب دے گا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شام میں ایرانی مفادات کے خلاف اسرائیل کی ہر قسم کی جارحیت یا پھر احمقانہ اقدام کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے ایک اعلی عہدیدار کی دھمکیوں اور دعووں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 70 سال کے دوران مقبوضہ فلسطین پر قبضے اور ہمسایہ ممالک میں قتل و غارت گری اور جارحیت پر اسرائیل کی داغ بیل ڈالی گئی ہے۔
سید عباس موسوی نے کہا کہ ایران کی شام میں موجودگی شام کی حکومت کی دعوت پر اور امریکہ اور اسرائیل کے حامی دہشت گردوں کے خلاف ہے اور ایران علاقے کی ارضی اور قومی سالمیت کا بدستور دفاع کرتا رہے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران عالمی اداروں میں قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی جنگ پسندانہ اقدامات، دھمکیوں اور ماہیت کو بے نقاب کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے وزیر جنگ نفتالی بنٹ نے ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ تل ابیب ایران کو کمزور کر کے اسے شام سے نکلنے پر مجبور کرنے کی لگاتار کوشش کرتا رہے گا۔