
ایران خلیج فارس میں شپنگ کی سیکیورٹی کا اہم محافظ ہے۔ ایرانی صدر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایرانی صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران علاقے اور دوسرے ممالک کے ساتھ تنازعات بڑھانا نہیں چاہتا اور ہرگز خطے میں کسی جنگ کے لئے پہل نہیں کرے گا اور ہمیشہ خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں شپنگ کی سیکیورٹی کا اہم محافظ ہے۔
ان خیالات کا اظہار حسن روحانی نے گزشتہ روز ایران کے دورے پر آئے ہوئے عراقی وزیر اعظم عادل عبدل المہدی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے ایران کے لئے علاقے کے استحکام اور سلامتی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دو دوست اور ہمسایہ ملک ایران اور عراق کے درمیان علاقے کی سلامتی اور استحکام جاری رکھنے کے لئے باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ خوش قسمتی سے حالیہ سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کو فورغ دینے کا مشاہدہ کیا جاتا ہے اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ یہ رویہ جاری رکھے گا۔
عراقی وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات بڑھانے پر زور دیا کہ دونوں قوموں کے مفادات کی فراہمی اور اس کے تحفظ کے لئے باہمی تعاون کی توسیع اور معاہدوں کے نفاذ کے لئے کوشش کرنا چاہئیے۔
عراقی وزیر اعظم نے علاقے میں بڑھتے ہوئے تنازعات کے لئے سازشوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عراق کبھی بھی ایران مخالف پابندیوں کا ایک حصہ نہیں تھا اور نہیں ہوگا۔