ایران کی موثر سفارتکاری پر پابندیوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ ایران کی موثر اور فعال سفارتکاری پر پابندیوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا اور امریکہ اوراس کے اتحادی ایران کی صدائے حقانیت دنیا والوں تک پہنچنے سے نہیں روک سکیں گے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ذریعے ایرانی وزیرخارجہ پرپابندی کے اعلان نے ثابت کردیا کہ امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے والی پالیسی یکسر ناکام ہوچکی ہے اور اب امریکی حکام کے پاس اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا ہے کہ وہ معاہدے اورایران کے قانونی حقوق کا احترام کریں ۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے والی پالیسی اسلامی جمہوری نظام کے اصل ارکان اور طاقت یعنی رہبرانقلاب اسلامی، عوام، سپاہ اور وزارت خارجہ کو نشانہ بنا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں نے ایران کے اقتدار کے ستونوں کو کمزور کرنے کی غرض سے پابندیوں کا سہارا لیا ہے۔
علی شمخانی نے کہا کہ ایرانی عوام کے جذبہ استقامت، ملکی معیشت میں بہتری، علاقائی اور عالمی سطح پر ایران کی موثر اور مقتدر سفارت کاری اور رہبرانقلاب اسلامی کے غیر متزلزل اور ٹھوس موقف نے ٹرمپ کو مایوس کرنے کے ساتھ ساتھ خود ان کے ہی اوپر داخلی اور عالمی حلقوں کے ذریعے دباؤ ڈالنے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔