
ایران کی یمنی شہریوں پر سعودی جارحیت کی مذمت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن کے شہر صعدہ کے بازار پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اور زخمی ہونے والوں کے اہلخانہ اور یمنی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے پیر کی شام یمن کے صوبے صعدہ کے علاقے قَطابِر کے ایک بازار پر وحشیانہ بمباری کی جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق چودہ عام شہری شہید اور گیارہ بچوں سمیت تئیس افراد زخمی ہو گئے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سیدعباس موسوی نے سعودی عرب کے اس قسم کے غیر انسانی اور وحشیانہ حملوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یمن پر جارح فورسز کی گزشتہ چار سال سے جارحیت کا سلسلہ جاری ہے اور اس یکطرفہ جنگ میں تباہی و بربادی اور عام شہریوں کے جانی نقصان کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا ہے اس لئے وہ عورتوں، معصوم بچوں اور عام شہریوں کے قتل عام کے ذریعے سیاسی اور فوجی شکست کا بدلہ لینے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یمن میں جارح فورسز کی انسان دشمن کارروائیوں اور جنگی جرائم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور بعض یورپی ممالک جارح قوتوں کو ہتھیار فروخت کر کے اس قسم کے جرائم میں برابر کے شریک ہیں اور انھیں اس حوالے سے جواب دینا ہو گا۔