ایران کو فلسطین کے مظلوم اور ستمدیدہ عوام کی حمایت پر فخر ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے فلسطینی تنظیم حماس کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ایران کی پالیسی فلسطینی عوام کی حمایت پر استوار ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی اسپیکر علی لاریجانی نے فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی شعبہ کے نائب سربراہ صالح العاروری اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کی پالیسی فلسطینی عوام کی حمایت پر استوار ہے اور ایران کو فلسطین کے مظلوم اور ستمدیدہ عوام کی حمایت پرفخرہے۔
ایرانی اسپیکر نےبعض عرب ممالک کی مسئلہ فلسطین اور فلسطینیوں کے بارے میں منافقانہ رفتار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض عرب ممالک نے ماضی ميں اسرائیل کے ساتھ خفیہ تعلقات قائم کئے اور اب وہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ آشکارا تعلقات استوار کرنے اور اسرائیل کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
ایرانی اسپیکر نے فلسطین کے بارے میں صدی معاملے کی شکست اور ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نواز چند ممالک کے علاوہ کسی بھی ملک نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔
اس ملاقات میں فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی شعبہ کے نائب سربراہ نے دورہ ایران اور ایرانی حکام کے ساتھ تعمیری ، ہمدردانہ اور مخلصانہ گفتگو پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت علاقہ کے پیچيدہ اور حساس شرائط ہیں اور ہمیں خطے میں امریکہ اور اسرائیل کے نفوذ کو روکنے کی تلاش اور جد و جہد کرنی چاہیے۔