ایران میں ایٹمی مصنوعات کی رونمائی
شیعہ نیوز: ایرانی ایٹمی ماہرین کی کوششوں سے اصفہان کے ایٹمی علاقے میں نو نئی جوہری مصنوعات کی رونمائی کی گئی۔
ایران کے ایک سینیئر ایٹمی سائنسداں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ان مصنوعات سے ایٹمی ایندھن کی تیاری کے عمل پر خاصا مثبت اثر پڑے گا، کہا کہ ان میں سے کچھ ایٹمی مصنوعات پر صرف یورپی ملکوں کی اجارہ داری تھی لیکن اب ایران بھی یہ اہم ایٹمی مصنوعات تیارکرنے والے ملکوں میں شامل ہوگیا ہے۔
انھوں نے ایران میں پہلی بار متبادل ایندھن کے منصوبے اور اس کے پیداواری نمونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کے تحت ہم نے اراک کے جوہری ری ایکٹر میں اس کا عملی طور پر تجربہ بھی کرلیا ہے۔
اس ایرانی جوہری سائنسداں نے ایٹمی ری ایکٹروں کے ایندھن کی پیداوار کے لئے میٹل یورینئم کو ایک اور ایرانی پیداوار قراردیا اورکہا کہ اس طرح ایران، تہران کے ایٹمی ری ایکٹر کا ایندھن تیار کرنے میں خود کفیل ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران میں ایٹمی مصنوعات کو مختلف اہم پرامن شعبوں میں استعمال کیا جا رہا ہے جن میں بیماریوں سے متعلق جوہری دوائیں بھی شامل ہیں۔