ایران مخالف امریکی پابندیوں سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران مخالف امریکی پابندیوں سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ٹوکیو میں جاپان کے وزیراعظم آبہ شینزو سے ملاقات میں کہا کہ ایٹمی معاہدے سے الگ ہونے کے تعلق سے واشنگٹن کے غیر قانونی اقدام سے نہ تو امریکہ کو کوئی فائدہ ہوا ہے اور نہ ہی معاہدے کے فریقوں کو کچھ حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے ثابت کردیا کہ پابندیوں سے سب کا نقصان ہوتا ہے۔ایران کے صدر نے جو جاپانی وزیراعظم کی دعوت پر ٹوکیو کے دورے پر ہیں۔
جاپانی وزیراعظم سے ملاقات میں اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ سبھی ملکوں کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداد بائیس اکتیس کی پابندی کریں کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی اقتصادی پابندیاں ایک طرح سے اقتصادی دہشت گردی شمار ہوتی ہیں اور جو ممالک دہشت گردی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں انہیں چاہئے کہ امریکہ کے اس اقدام کا بھی مقابلہ کریں۔
صدر روحانی نے کہا کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے لئے اپنے مفادات کے دائرے میں سبھی اقدامات انجام دئے ہیں اور آئندہ بھی وہ معاہدے کو باقی رکھنے کی کوشش کرے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ تہران نے خطے اور دنیا میں امن کی برقراری کے لئے ہمیشہ علاقے اور پڑوسی ملکوں کا ساتھ دیا اور ہر طرح کا تعاون کیا ہے اور اس سلسلے میں اس نے علاقے کے ملکوں کے سربراہوں کو خطوط بھی ارسال کئے ہیں۔
اس ملاقات میں جاپانی وزیراعظم آبہ شینزو نے بھی ایران کے صدر کے دورہ جاپان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور جاپان کے تعلقات کو نوے سال کا عرصہ پورا ہورہا ہے اور حالیہ برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے اعلی حکام کے دورے تہران اور ٹوکیو کے تعلقات کو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط بنانے کا باعث بنے ہیں۔