ایران نے برطانیہ کیساتھ بحری جہازوں کے تبادلے کی مخالفت کردی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) برطانیہ میں تعینات ایرانی سفیر نے برطانوی میڈیا کی تجاویز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور برطانیہ کے درمیان زیر حراست بحری جہازوں کے تبادلے ممکن نہیں ہے۔
یہ بات حمید بعید نژاد نے منگل کے روز اپنے ٹوئٹر پیج میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے غیر قانونی طور پر ایرانی آئل ٹینکر کو حراست میں لے لیا جبکہ پاسداران اسلامی انقلاب کی بحری فورس نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو بین الاقوامی سمندری قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی میڈیا نے دعوی کیا کہ ایران کی خارجہ تعلقات اسٹریٹجک کونسل کے چیئرمین "سید کمال خرازی” نے زیر حراست کشتیوں کے تبادلے کی تجویز دی ہے مگر برطانیہ منظور نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ اعلی ایرانی سفارتکار نے نائب برطانوی وزیر خارجہ برائے مشرق وسطیٰ امور ’’اندور موریسون‘‘ کیساتھ ایک ملاقات میں خلیج فارس میں حادثے کا شکار ہونے والے تیل بردار بحری جہازوں کے مسئلے کے حوالے سے برطانیہ کے موقف کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس کے معاملات سے متعلق برطانوی رویہ ناقابل قبول ہے۔