ایران پر امریکہ کی دباؤ ڈالنے کی سازش ناکام ہوچکی ہے۔ روحانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملت ایران پر امریکہ کی زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی سازش ناکام ہوچکی ہے۔
صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ ملت ایران کی استقامت سے پتہ چلتا ہے کہ حداکثر دباؤ کے موثر ہونے کا دور ختم ہوچکا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ ایران کے عوام نے اپنی استقامت و پائداری ، مسلسل کام اور جدوجہد نیز ایثار و قربانی سے حداکثر پابندیوں اور اقتصادی دہشت گردی کو ناکام بنا دیا۔
صدر حسن روحانی نے علاقے کے حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی حکومت اپنی جنوبی سرحدوں کے بارے میں تشویش میں مبتلاء ہے لیکن تشویش کو دور کرنے کے لئے اسے صحیح راستہ اور طریقہ اختیار کرنا چاہئے۔
ایران کے صدر نے اربعین حسینی کے پروگراموں اور اس کے انعقاد میں عراقی حکومت اور قوم کی کاوشوں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اس عظیم اجتماع نے امریکیوں اور صیہونیوں کے دل دہلا دیئے ہیں اور ان پر خوف طاری کردیا ہے ۔
صدرحسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اربعین حسینی تاریخ کے معجزات میں سے ہے کہا کہ اربعین حسینی کے عظیم ملین مارچ میں کروڑوں زائرین کی شرکت زبردست سیاسی ، ثقافتی اور معنوی طاقت کا مظہر شمار ہوتی ہے۔