ایران نے ڈرون طیاروں سے بنائی گئی امریکی بحری بیڑے کی فلم جاری کردی
شیعہ نیوز: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بدھ کے روز اپنی ڈرون ترقی کے بارے میں ایک فلم جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ، چار ایرانی ڈرون طیارے خلیج فارس میں امریکی بحری بیڑے پر پرواز کر رہے ہیں ۔مذکورہ ڈرون طیاروں نے امریکی بحری بیڑے کے عرشے پر نصب آلات و سائل اور اس پر کھڑے جنگی جہازوں کی ٹھیک ٹھیک تصاویر بھی اتاری ہیں اور انہیں براہ راست زمینی اسٹیشن کو منتقل کیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جاری کردہ فلم میں، ایک اور امریکی بحری جہاز کو دیکھا جاسکتا ہے۔ اس فلم میں، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈرون آپریشن کی مختلف فوٹیج بھی شامل ہیں جن میں سے ایک فوٹیج میں ڈرون طیارے کے ذریعے ٹینک کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنی ڈرون ٹیکنالوجی کے بارے میں یہ فلم ایسے وقت میں جاری کی ہے جب مغربی ایشیا میں تعینات دہشت گرد امریکی سینٹرل کمانڈ کے سرغنہ جنرل مکینزی نے ، ایران کی ڈرون طاقت کا اعتراف کرتے ہوئے اسے امریکہ کے لیے پریشان کن قرار دیا ہے۔
ایوان نمائندگان کی مسلح افواج کمیٹی کے روبرو بیان دیتے ہوئے جنرل میکینزی کا کہنا تھا کہ ایران مختلف طرح کے ڈرون طیاروں کے ذریعے خطے میں امریکہ کی فضائی برتری کو مسلسل چیلنج کر رہا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ایران کی ڈرون طاقت کی وجہ سے، جنگ کوریا کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ امریکہ کی فضائی برتری ختم ہوکے رہ گئی ہے۔
امریکی جریدے بلومبرگ کے مطابق جنرل مکینزی نے ایران کی ڈرون طاقت کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ہم تہران کے ڈرون سسٹم کو سمجھنے اور اسے نابود کرنے کا کوئی بندوبست نہیں کرتے، ہمیں مکمل فضائی برتری دوبارہ حاصل نہیں ہوسکتی۔