
ایران، روس اور چین کے درمیان مفید جوہری مذاکرات ہوئے، روسی مندوب
شیعہ نیوز: ویانا میں روسی نمائندے نے کہا کہ ایران، روس اور چین کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق امور، چیلنجز اور مستقبل کے امکانات پر ماسکو میں مفید اور تفصیلی مذاکرات ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق، ویانا میں روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ماسکو میں ایران، روس اور چین کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام کے بارے میں مشاورت تینوں ممالک کے درمیان قریبی ہم آہنگی کا مظہر اور ایرانی جوہری مسئلے کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق موجودہ صورت حال، ممکنہ سفارتی راہیں اور درپیش چیلنجز پر ماہرین کی سطح پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی پائلٹوں کی حکم نہ ماننے کی دھمکی
ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ ملاقات بند کمرے میں ہوئی جس میں میڈیا کو رسائی نہیں دی گئی۔ بات چیت میں تینوں ممالک کے تکنیکی و سیاسی ماہرین شریک تھے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بھی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سہ فریقی مشاورت علاقائی استحکام اور سفارتی کوششوں کے لیے اہم ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تین عالمی طاقتوں کی یہ قربت ایران کے جوہری تنازعے پر مغربی دباؤ کے تناظر میں ایک نئی اور اسٹریٹیجک صف بندی کی علامت ہے