
ایران، روس اور چین کا سہ فریقی اجلاس، جوہری معاہدے پر مذاکرات
شیعہ نیوز: تہران میں تینوں ممالک نے اجلاس میں پابندیوں کے خاتمے، مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال اور مستقبل میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی میزبانی میں اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور چین کے اعلیٰ سفارتی وفود کے درمیان ایک سہ فریقی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جوہری معاہدے، ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قرارداد 2231 سے متعلق موضوعات پر بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، مشترکہ اجلاس میں تینوں ممالک کے نمائندوں نے مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال، پابندیوں کے خاتمے اور متعلقہ دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینیوں کی نسلکشی کو فوری طور پر روکا جائے، ایران کا عالمی برادری سے مطالبہ
اجلاس میں شریک وفود نے اپنے ممالک کی جانب سے قریبی مشاورت اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا،ل اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ ہفتوں میں مختلف سطحوں پر یہ مشاورتی نشستیں جاری رہیں گی۔
اس موقع پر روس اور چین کے وفود کے سربراہان نے ایران کے معاون وزیر خارجہ برائے سیاسی امور اور وزارت خارجہ کے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر جنرل سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بات چیت ہوئی۔