
ایران سے بغیر شرائط کے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ امریکہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکہ نے سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں اپنے دہشت گردانہ اقدام کا دفاع کرتے ہوئےکہا ہے کہ ایران سے بغیر شرائط کے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکہ بغیر کسی شرط کے ایران کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے تیار ہے، مذاکرات کا مقصد امن کو مزید خراب ہونے سے روکنا ہے۔
امریکی خط میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت جنرل سلیمانی کو قتل کرنا دفاعی اقدام تھا، اس کے علاوہ خطے میں امریکیوں اور مفادات کے تحفظ کے لیے امریکہ مزید اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔
ادھر عراق نے بھی سکیورٹی کونسل میں امریکہ کے خلاف شکایت دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کا بغداد ایئر پورٹ پر عراق کے سرکاری مہمان پر حملہ بین الاقوامی قوانین اور عراق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو ایرانی سپاہ قدس کے سربراہ میجر جنرل سلیمانی عراقی حکومت کی دعوت پر بغداد پہنچے اور انھیں بغداد ايئر پورٹ کے قریب امریکہ نے دہشت گردانہ اور بزدلانہ ہوائی حملے میں شہید کردیا اور ان کے استقبال میں آنے والے عراقی رضاکار فورس ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی مہند س بھی شہید ہوگئے تھے۔
شہید سلیمانی اور ابومہدی مہندس کو بزدلانہ حملے میں شہید کرنے پر امریکہ کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔