
اگر امریکا نے یورینیم افزودگی بند کرنے پر اصرار کیا تو جوہری مذاکرات نہیں ہونگے، ایران کا اعلان
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے (ارنا) سے بات کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات کی شرط افزودگی بند کرنا ہے، تو ایسے مذاکرات نہیں ہونگے۔
شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا نے یورینیم افزودگی بند کرنے پر اصرار کیا تو جوہری مذاکرات نہیں ہوں گے۔ غیر ملکی خبرر ساں ایجنسی کے مطابق ایران نے پیر کو واضح کیا کہ اگر امریکا کی طرف سے جوہری مذاکرات کی شرط یہ ہو کہ ایران یورینیم افزودگی (uranium enrichment) بند کرے، تو ایسے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر کئی مرتبہ مذاکرات ہوچکے ہیں، مگر اسرائیل کے اچانک حملوں نے ان مذاکرات کو روک دیا تھا۔
جنگ کے اختتام کے بعد دونوں ممالک نے بات چیت کی بحالی کا عندیہ دیا ہے، لیکن ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے سرکاری خبر رساں ادارے (ارنا) سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مذاکرات کی شرط افزودگی بند کرنا ہے، تو ایسے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حضرت سید علی خامنہ ای، امت کے عظیم رہنماء
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ فی الحال امریکا کے ساتھ کسی ملاقات کی کوئی تاریخ، وقت یا مقام طے نہیں ہوا۔ یہ ممکنہ ملاقات ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے درمیان متوقع تھی۔ واضح رہے کہ رواں سال اپریل سے ایران اور امریکا 5 بار مذاکرات کی میز پر بیٹھے، لیکن کسی حتمی معاہدے تک نہ پہنچے۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان 2018ء میں امریکا کے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کے بعد کا سب سے اعلیٰ سطحی رابطہ تھا۔