ایران بھرپور طریقے سے فلسطینی عوام کی حمایت کرتا رہے گا
شیعہ نیوز: ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے سینئر مشیر برائے بین الاقوامی امور نے کہا ہے کہ آج صیہونی گوشہ نشین ہو چکے ہیں اور ایران پوری طاقت کے ساتھ استقامتی محاذ اور فلسطینی عوام کی حمایت کرتا رہے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے سینئر مشیر برائے بین الاقوامی امور حسین امیرعبداللہیان نے قم میں القدس کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج صیہونی گوشہ نشین ہو چکے ہیں اور ایران پوری طاقت کے ساتھ استقامتی محاذ اور فلسطینی عوام کی حمایت کرتا رہے گا۔
امیرعبداللہیان نے مزید کہا کہ عالمی یوم القدس اس سال ایسی صورتحال میں منایا جارہا ہے کہ جب مقبوضہ علاقوں میں صیہونیوں پرکئی حملے ہوئے اور ان پر کاری ضربیں لگیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض عرب ممالک کے کچھ حکمران بشمول متحدہ عرب امارات اور بحرین کے حکام نے گذشتہ سال وائٹ ہاؤس اور امریکہ کے دباؤ پر صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بد قسمتی کی بات ہے کہ عرب ممالک کے ان گنے چنے چند حکمرانوں کا جن کا گذشتہ عشروں میں فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور مزاحمت میں کوئی کردار نہیں تھا، آج فلسطین کے مظلوم عوام کے حقوق کے حصول کی بجائے ان نہتے لوگوں کے خلاف کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کا نام دینا بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی(رح) کا ایک بہت بڑا اقدام اور کارنامہ تھا اور یوم القدس فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کیلئے عالم اسلام اور دنیا کے تمام باشعور اور بیدار ضمیر افراد کے اتحاد کا دن ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ القدس کی دوسری بین الاقوامی ورچوئل کانفرنس 4 مئی کو شہر قم میں شروع ہوئی جس میں ایران ، فلسطین ، ملائیشیا ، ہندوستان ، افغانستان ، پاکستان ، فرانس ، ارجنٹائن ، عراق ، ترکی ، چلی ، متحدہ عرب امارات ، لبنان ، شام ، برطانیہ ، کینیڈا اور تیونس کی 30 اہم سکاسک، مذھبی اور ثقافتی شخصیات تقریر کریں گے۔