
ایران_امریکہ مذاکرات، روس کی ثالثی کی دوبارہ پیشکش
شیعہ نیوز: روس نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش کو دہرایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس نے ایک بار پھر ماسکو کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش دہرائی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اپریل سے اب تک عمان کی وساطت سے پانچ دور کے مذاکرات ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں میں روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف نے روسی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کریملن تہران اور واشنگٹن کے درمیان باقی ماندہ اختلافات کے حل میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ کی مزاحمت کا جوابی حملہ، 10 اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی
انہوں نے مزید کہا کہ روس نے بارہا اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری معاملات پر معاہدے کے لیے مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔
اولیانوف نے کہا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ دونوں فریق یعنی تہران اور واشنگٹن باقاعدہ طور پر ایسی درخواست کریں، جو ابھی تک کسی جانب سے موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ روس اس سے قبل بھی کئی مواقع پر ان مذاکرات میں ثالثی کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کرچکا ہے۔
4 مارچ 2025 کو ماسکو نے باضابطہ طور پر ثالثی کی پیشکش کی تھی، جس کی تصدیق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔
اسی مؤقف کو مزید تقویت دیتے ہوئے کریملن نے 7 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ روس کشیدگی کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔
صدر پیوٹن نے 6 مئی کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ گفتگو میں ایک بار پھر اس معاملے کو اٹھایا اور تہران و واشنگٹن کے درمیان منصفانہ معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے لیے روس کی آمادگی کا اعادہ کیا۔