مشرق وسطی

ایران پرامن ایٹمی توانائی کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا، صدر پزشکیان

شیعہ نیوز: ایرانی صدر پزشکیان نے ملک کے جوہری پروگرام پر پابندی کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کبھی بھی پرامن مقاصد کے لیے ایٹمی توانائی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر ایران مسعود پزشکیان نے ملک کے جوہری پروگرام پر کسی قسم کے سمجھوتے اور پابندی کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے عمانی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ ایران کبھی بھی پرامن مقاصد کے لیے ایٹمی توانائی کے استعمال کے حق سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

یہ بھی پڑھیں : یورنئیم کی افزودگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق بنیادی شرائط پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہماری شرائط وہی ہیں جو بین الاقوامی قوانین میں درج ہیں۔ ہر ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ یورینیم کی افزودگی کے ذریعے سائنسی اور میڈیکل شعبوں میں تحقیق کرے اور پرامن مقاصد کے لیے ایٹمی توانائی سے استفادہ کرے۔

ڈاکٹر پزشکیان نے مزید کہا کہ اگر امریکہ یہ یقین دہانی چاہتا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، تو ہمارا موقف بالکل واضح ہے۔ رہبر معظم انقلاب کے فتوے کی بنیاد پر اسلامی جمہوریہ ایران نہ صرف ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کی خواہش نہیں رکھتا بلکہ اس کے مکمل خلاف ہے۔ اگرچہ بعض افراد کی ذاتی آراء یا بیانات ہوسکتے ہیں، مگر ریاستی پالیسی اور قیادت کی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کی مخالفت واضح اور اٹل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مغرب کو یقین دہانی درکار ہے تو ہم ہر قسم کے شفاف تعاون کے لیے تیار ہیں تاکہ عالمی برادری اور خطےکے ممالک یہ جان لیں کہ ایران ایٹمی ہتھیار کے پیچھے نہیں ہے، نہ تھا اور نہ ہوگا۔

صدر نے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا ہم علاج، بیماریوں کی تشخیص، زراعت اور صنعتی امور میں ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کے لیے یورینیم کی افزودگی کا عمل ترک نہیں کریں گے۔ یہ ہمارا قانونی اور بین الاقوامی حق ہے۔ کوئی بھی ہم پر یہ شرط نہیں لگا سکتا کہ ہم افزودگی بند کریں۔ علم پوری انسانیت کا حق ہے اور ہم اسے ترک نہیں کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button