
ایرانی فضائیہ نے ماہ شہر علاقے میں ڈرون طیارہ تباہ کر دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی فضائیہ کے کمانڈر نے جنوب مغربی ایران کے ماہ شہر علاقے میں ایک جارح ڈرون طیارے کو تباہ کرنے کی خبر دی ہے۔
ایران کی فوج کے فضائی دفاعی سسٹم کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی رضاصباحی فرد نے کہا ہے کہ ماہ شہر میں فوج کے فضائی دفاعی سسٹم نے جمعے کو ایک نامعلوم جارح ڈرون طیارے کو مار گرایا ہے ۔
بریگیڈیئر جنرل علی رضا صباحی فرد نے بتایا کہ اس ڈرون طیارے کو میزائل کے ذریعے گرایا گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ میزائل کی فائرنگ اور یہ بھرپور اقدام ، ایران کے فضائی حدود میں ایک جارح ڈرون طیارے کی جارحیت کے جواب میں انجام دیا گیا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل علی رضا صباحی فرد نے کہا کہ جارح ڈرون کو پوری ہوشیاری سے حساس علاقوں میں پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ جمعے کو مقامی افراد نے جنوب مغربی ایران کے صوبہ خوزستان کی ماہ شہر بندرگاہ میں دھماکے کی آواز سنے جانے کی خبر دی تھی جس کے کچھ دیر بعد معلوم ہوا کہ دھماکے کی آواز ، فوج کے فضائی دفاعی سسٹم کے ذریعے ایک نامعلوم ڈرون طیارے کو نشانہ بنانے کی وجہ سے پیدا ہوئی تھی۔
ماہ شہر مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا پیٹروکیمیکل اکونومیک زون ہے اور یہاں واقع امام خمینی بندرگاہ ایران کی ایک بڑی بندرگاہ شمار ہوتی ہے۔