ایرانی پارلیمنٹ میں برطانوی جہاز روکنے کے اقدام کی حمایت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایرانی پارلیمنٹ نے پاسداران انقلاب اسلامی فورس کی جانب سے برطانوی آئل ٹینکر روکے جانے کے سنجیدہ اقدام کی حمایت کی۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی فورس کے بحری یونٹ نے صوبائی ڈائریکٹوریٹ جنرل پورٹ اینڈ شپنگ کی درخواست پر، آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا ارتکاب کرنے والے ایک برطانوی تیل بردار بحری جہاز اسٹینا ایمپیرو کو روک لیا تھا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے ایک سو ساٹھ اراکین نے اتوار کو اپنے مشترکہ بیان میں سپاہ پاسداران کی بحری یونٹ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو جہاز رانی کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی بنا پر روکے جانے کی حمایت کی ہے۔
بیان میں بین الاقوامی سمندری حدود میں پیش آنے والے بعض مشکوک واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سامراجی طاقتیں دنیا کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے والی اہم آبی گذر گاہ خلیج فارس کو بدامن ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ایران کے ارکان پارلیمنٹ کے بیان میں اس قسم کے تخریبی اقدامات کے خلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ٹیکس وصول کرنے کے جامع نظام کی تیاری پر سنجیدگی سے غور کرے۔