ایران سفیر کی گورنر پنجاب سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
شیعہ نیوز: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم، ثقافت اور تجارت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے بہت مواقع موجود ہیں، پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات دنیا بھر میں اعلیٰ معیار کی وجہ سے جانی جاتی ہیں
پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو ایران میں ایکسپورٹ کیا جا سکتا ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چاول اور دوسری زرعی اجناس بھی دنیا میں بہت پسند کی جاتی ہیں، سی پیک کے تحت بنائے گئے ایکسپورٹ پراسسینگ زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی سہولیات دی جا رہی ہیں، ایرانی صنعتکار ان ایکسپورٹ پراسسینگ زونز میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جہاں مشترکہ ثقافت ہے، وہیں ادب میں بھی قدریں مشترک ہیں، علامہ محمد اقبالؒ کو ایران میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جلال الدین رومی کے اقوال اور حکایات سعدی سب کیلئے مشعل راہ ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ بات تقویت بخش ہے کہ ماضی قریب سے بارڈر ٹریڈ کو فروغ دیا جا رہا ہے، ایرانی صدر خود بارڈر پر آئے اور وزیراعظم پاکستان کیساتھ مارکیٹس کا دورہ کیا، جس سے دونوں ملکوں کے عوام میں بہت اچھا پیغام گیا، ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بہتر طریقے سے فائدہ اٹھانے کیلئے راستے ڈھونڈنے ہوں گے۔