
ایرانی وزارت خارجہ کی لبنان کے خلاف صیہونی جارحیت اور بے گناہ لوگوں کے قتل عام کی مذمت
شیعہ نیوز: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے لبنان کے علاقوں شمالی بقاع ، بعلبک اور ھرمل پر صیہونی حکومت کے آج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اس حملے میں 24 لبنانی شہری اور شامی مہاجرین شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے لبنان کی ارضی سالمیت اور قومی خودمختاری کے خلاف صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت اور مختلف علاقوں میں لبنانی شہریوں کے قتل عام پر احتجاج کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران سے مذاکرات میں کوئی جلدی نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
انہوں نے اس غاصب حکومت کے جرائم پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بے عملی اور خاموشی پر تنقید کی اور اس قابض حکومت کی جانب سے قانون کی مسلسل اور مجرمانہ خلاف ورزیوں کے سلسلے میں ضامن فریقوں، خاص طور پر امریکہ کی ذمہ داری پر زور دیا۔
صیہونی حکومت کے لیے امریکہ کی واضح حمایت کا ذکر کرتے ہوئے، بشمول مکمل طور پر یکطرفہ منصوبوں اور تجاویز کی پیشکش جو اس حکومت کے ناجائز مفادات اور لبنان کی سلامتی اور اس کے عوام کی اقتصادی بہبود کو نقصان پہنچانے کے مقصد کے ساتھ وضع کیے گئے ہیں، وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزاحمت کو قومی حق اور وقار ضمانت قرار دیا۔