
ایران اور اٹلی کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، جوہری مذاکرات اور غزہ کی صورت حال پر تبادلہ
شیعہ نیوز: ایرانی وزیرخارجہ نے اطالوی ہم منصب سے ٹیلفونک گفتگو کے دوران امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق، ایران اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے ٹیلیفونک گفتگو میں تہران-واشنگٹن جوہری مذاکرات اور مغربی ایشیا خصوصا غزہ میں صہیونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی نسل کشی پر تفصیلی بات چیت کی۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعہ کی شام روم میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے پانچویں دور کے مذاکرات کے بعد اٹلی کے وزیر خارجہ انٹونیو تاجانی سے فون پر گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران-امریکہ مذاکرات کا پانچواں دور تعمیری ثابت ہوا، امریکی اہلکار
عراقچی نے اطالوی ہم منصب کو واشنگٹن کے ساتھ ہونے والی تازہ ترین بات چیت کے نتائج سے آگاہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے عمان کے ساتھ مل کر روم میں مذاکرات کی میزبانی پر اٹلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مذاکرات پیشہ ورانہ اور معقول نوعیت کے تھے۔ امید ہے کہ امریکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی مؤقف کو بہتر انداز میں سمجھے جس سے عملی پیش رفت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی خاص طور پر مقبوضہ فلسطین میں جاری قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خونریزی روکی جاسکے اور بے گھر فلسطینیوں کو انسانی امداد فراہم کی جاسکے۔