ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی اپنے عراقی ہم منصب سے ملاقات، اہم پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال
شیعہ نیوز: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایران اور عراق کو خطے میں امن و استحکام اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مزید تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے عراقی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، مذہبی اور اقتصادی مشترکات کی طرف اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کو خطے میں امن و استحکام اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حضرت عباسؑ کی وفاداری اور بہادری صرف کربلا تک محدود نہیں، بلکہ ہر دور کے لیے ایک درس ہے،علامہ راجہ ناصرعباس
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مزاحمتی محاذ، اسلام اور ملت اسلامیہ کے دفاع کے لئے پرعزم ہیں۔
ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ فریقین نے پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے اور اقتصادی شعبوں میں مشترکہ کمیشنوں کو فعال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین نے پائیدار سرحدی سلامتی کے قیام سے متعلق معاہدوں پر بھی بات چیت کی۔
قالیباف نے ایرانی صدر کے حالیہ دورہ عراق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں نے صدر پزشکیان کے دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کے لئے کوششوں میں تیزی لانے پر اتفاق کیا ہے۔