ایرانی عوام نے حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی آواز پر لبیک کہا، محمد مخبر
شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے دشمن کے منفی پروپیگنڈوں کے باوجود صدارتی انتخابات میں بھرپور شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیشہ میدان میں حاضر رہنے والے باخبر و آگاہ عوام کی چودہویں صدارتی انتخابات میں بھرپور شرکت نے ایک بار پھر دنیا کے سامنے دینی جمہوریت کا خوبصورت جلوہ پیش کیا، جو اس سرزمین کے تمام دوستوں کی خوشی اور ملک و نظام کے بدنیت دشمنوں کی ناامیدی و مایوسی کا باعث بنا۔
عبوری صدر محمد مخبر نے اپنے پیغام میں کہا کہ بلاشبہ انتخابات میں برجوش و بھرپور شرکت، نظام، اسلامی انقلاب اور ملک کی ترقی و پیشرفت سے عوام کے قلبی لگاؤ اور دلچسپی پر ایک اور مہر تصدیق اور رہبر انقلاب اسلامی کی آواز پر لبیک تھی۔ محمد مخبر نے کہا کہ یقیناً اس قومی روداد میں اصلی کامیابی ہمارے عوام کی ہوئی ہے، جنھوں نے اپنے افتخارات میں ایک سنہرے باب کا اضافہ کیا اور ثابت کر دیا کہ وہ پرعزم اور ثابت قدم ہيں اور انقلاب اسلامی کے تمام میدانوں میں بھرپور کردار ادا کرتے رہيں گے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے عبوری صدر نے اپنے پیغام میں نومنتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان عظیم ذمہ داریوں میں ان کی کامیابی کی دعا کی اور کہا کہ امید ہے کہ وہ عوامی اعتماد کے سہارے ملت ایران کے مطالبات پورے اور ان کی امیدوں پر پورے اتریں گے۔